کراچی(این این آئی) حساس اداروں اور اعلی عدلیہ کی کردار کشی کرنے پر پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عالمگیر خان کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔تفصیلات کے مطابق رہنما پاکستان تحریک انصاف عالمگیر خان کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا، مقدمہ سرکار مدعیت میں گلشن اقبال تھانے میں درج کیا گیا۔مملکت پاکستان اور حساس اداروں کے خلاف بات کرنے پر مقدمہ درج ہوا،
جس کے متن میں کہا گیا کہ دانستہ طور پر حساس اداروں اور اعلی عدلیہ کی کردار کشی اور تضحیک، لوگوں میں انتشار اور بے یقینی پیدا کرنے کی کوشش کی گئی، اداروں کے افسران و جوانوں میں بددلی،بے یقینی اور مایوسی پھیلانا مقصود تھا۔ایف آئی آر میں اداروں کیخلاف اکسانا اور بھڑکانا بھی شامل ہے، مدعی ایس ایچ او نے کہا کہ میں گلشن اقبال ایروکلب گراونڈ کے قریب گشت پر تھا کہ اسی دوران گراونڈ کی دیواروں پر مختلف عبارتیں تحریر کی گئی تھی۔مدعی مقدمہ اشرف جوگی کا کہنا تھا کہ ایک پلڑے میں پاکستان کا نقشہ اور دوسرے میں ڈالروں کی گڈی بنائی گئی، سوشل میڈیا پرایک ویڈیو اور پانچ تصاویر بھی موصول ہوئی۔اشرف جوگی نے کہا کہ ویڈیو میں ایم این اے عالمگیر خان اور 5 صورت شناس نامعلوم افراد ہیں،، عبارتوں کے ذریعے اداروں اور عدلیہ کی کردار کشی اور تضحیک کی گئی۔ایس ایچ او نے کہا کہ عمل کا مقصد اداروں کے خلاف اکسانا اور بھڑکانا مقصود ہے،ایک جگہ لکھا تھا جنگل کا قانون ہم سے بہتر ہے۔دوسری جانب صدر پی ٹی آئی سندھ علی زیدی نے پی ٹی آئی رہنما عالمگیر خان کے گھر پولیس چھاپے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ امپورٹڈ حکومت اقتدار کے نشے میں اندھی ہو چکی ہے،آدھی رات کو عوامی نمائندے کے گھر میں داخل ہونا انتہائی شرمناک ہے،سابق وفاقی وزیر اورصدر پی ٹی آئی سندھ علی زیدی نے اپنے مذمتی بیان میں مزید کہا کہ
پولیس نے آدھی رات کو گھر میں داخل ہو کر چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا ہے،سندھ پولیس سے شہر میں چور ڈاکو پکڑے نہیں جاتے،پولیس صرف شریف لوگوں کو پریشان کرتے ہیں،عالمگیر خان کو مجرم نہیں، مجرم ڈھونڈنے ہیں تو وزیر اعلیٰ ہاوس کا گھیراؤ کریں۔علی زیدی کا مزید کہنا تھا کہ سندھ پولیس پیپلز پارٹی کا عسکری ونگ بنی ہوئی ہے،پیپلز پارٹی اپنے سیاسی مخالفین کے خلاف پولیس کو استعمال کرتی ہے، سندھ حکومت کو جتنی زیادتی کرنی ہے کرلے، ان کا احتساب جلد ہوگا۔