کراچی، اسلام آباد ( آن لائن، این این آئی )کراچی میں پی ٹی آئی کے رہنما عالمگیر خان کی رہائش گاہ پرپولیس کی بھاری نفری پہنچی اور اہل خانہ سے پوچھ گچھ کے بعد روانہ ہو گئی۔پولیس نے عالمگیر خان کی رہائش گاہ پر اہل خانہ سے سوال وجواب کیے لیکن کسی شخص
کوحراست میں نہیں لیا گیا۔پی ٹی آئی رہنماؤں نے واقعہ کے حوالے سے درخواست گلشن اقبال تھانے میں جمع کرا دی۔اطلاع ملنے پر دیگر رہنما اور کارکنوں کی بڑی تعداد رہائش گاہ کے باہر جمع ہوئی۔میڈیا سے گفتگو میں پی ٹی آئی رہنماوں کا کہنا تھا پولیس نے بغیر وارنٹ گھر میں داخل ہونے اوراہل خانہ کو ہراساں کرنے کی کوشش کی۔ واقعہ پرپی ٹی آئی لائحہ عمل دے گی۔ دوسری جانب چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو دھمکی ملنے پر اسلام آباد میں بنی گالہ کے اطراف رات گئے سرچ آپریشن کیا گیا۔پولیس کی بھاری نفری اور بم ڈسپوزل اسکواڈ نے سرچ آپریشن کیا جبکہ پولیس کی آمد پر بنی گالہ کے قریب خیموں میں موجود پی ٹی آئی کارکن باہر نکل آئے اور حکومت کے خلاف نعرے بازی شروع کر دی۔کچھ دیر سرچ آپریشن کے بعد پولیس بنی گالہ پاکستان چوک سے واپس چلی گئی ،رہنما تحریک انصاف علی امین گنڈا پور نے کہا کہ بنی گالہ کے باہر موجود ہیں کوئی مسئلہ نہیں ہے۔