تہران (این این آئی)ایران کے مختلف شہروں میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کے خلاف احتجاجی مظاہرے جاری ہیں ، جنوب مغربی صوبہ خوزستان میں پرتشدد احتجاج کے دوران میں ایک شخص ہلاک ہوگیا ۔میڈیارپورٹس کے مطابق ایرانی حکومت نے
گذشتہ پیر کو بڑھتے ہوئے معاشی چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے متعدد اقدامات کا اعلان کیا تھا۔اس میں ملک میں مروج زرِتلافی (سبسڈی)کے نظام میں تبدیلی ،کھانا پکانے کے تیل اور ڈیری مصنوعات سمیت اہم اشیا کی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ شامل تھا۔ ایران کے متعدد شہروں میں سیکڑوں افراد نے حکومت کے فیصلے کے خلاف احتجاج کیا ۔ان میں صوبہ تہران بھی شامل ہے۔فروری میں یوکرین پرروس کے حملے کے آغاز کے بعد سے دنیا بھرمیں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔اس کے علاوہ ایران 2018 میں امریکا کی جانب سے دوبارہ عاید کردہ پابندیوں کے اثرات سے بھی دوچار ہے۔ایرانی پارلیمان کے رکن احمد عوئی نے بتایا کہ صوبہ خوزستان کے شہر دیزفل میں حالیہ ریلیوں کے دوران میں اندیمیشک کا ایک رہائشی ہلاک ہو گیا ہے۔متاثرہ شخص کی شناخت نہیں ہوئی اور نہ ہی اس کے موت کے حالات کا انکشاف کیا گیا ہے۔