جامشورو/حیدرآباد(آن لائن) جام شورو میں ہولناک ٹریفک حادثہ ، وین اور ٹرک کی آمنے سامنے سے ٹکر میں16افراد جاں بحق 4زخمی ہو گئے ، وین میں سوار افراد ایک گھنٹہ سے زائد وین میں پھنسے رہے امدادی ٹیمیں بروقت نہیں پہنچ سکیں جس سے ہلاکتوں میں اضافہ ہو گیا ،تفصیلات کے مطابق کنڈیارو ضلع نوشیرو فیروز سے براستہ
انڈس ہائی وے حیدرآباد آنے والی تیز ایک مسافر وین نمبرLES 2186 ٹرک سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں ڈرائیور سمیت 16افراد جاں بحق ہو گئے5زخمی ہو گئے پولیس ذرائع کے مطابق حادثہ کے کچھ دیر بعد ہی پولیس موبائل جائے حادثہ پر پہنچ گئی تھی لیکن حادثہ اتنا ہولناک تھا کہ مسافر وین میں پھنسے ہو ئے افراد کو بروقت نکالنا ممکن نہیں تھا جب امدادی ٹیمیں وہاں پہنچیں تو تاخیر ہو چکی تھی اور مسافروں کی اکثریت نے وین میں دم توڑ دیا تھا عینی شاہدین کے مطابق زخمی افراد کو پہلے مانجھند تحصیل اسپتال لے جایا گیا جہاں صرف ایک ڈاکٹر تھا اور سرجری کا سامان نا کافی تھا جس کے بعد اسپتال کی ایمبولینس میں مسافروں کو لیاقت میڈیکل اسپتال جام شورو کی طرف روانہ کیا گیا لیکن راستے میں ہی ایمبولینس خراب ہو گئی جس کو دھکا لگایا گیا بعدازاں نجی گاڑیوں میں زخمیوں کو لیاقت میڈیکل اسپتال جام شورو پہنچایا گیا لیکن چندکے علاوہ سب فوت ہو چکے تھے 4شدید زخمیوں کو سول اسپتال حیدرآباد پہنچایا گیا ہے جائے حادثہ پر ڈپٹی کمشنر جام شورو فرید الدین مصطفی اور ایس ایس پی جام شورو جاوید بلوچ نے بھی پہنچ کر صورتحال کا جائزہ لیا انہوں نے اس موقع پر میڈیا کو بتایا کہ سیہون سے جامشورو تک انڈس ہائی وے کی دو رویہ تعمیر کا مسئلہ اپنی جگہ پر ہے تاہم یہ دیکھنا ہو گا کہ حادثے کا اصل سبب کیا ہے، اسپتال ذرائع کے مطابق حادثے میں فوت ہو نے والوں میں وین ڈرائیور بشیر سولنگی ،انور سولنگی ، عاشق ،اللہ واریو ، سعید ، وکیل ، صفر ہکڑو ،معشوق ،ساجد ،راہب ، آصف ،احسان ،شکیل اور پٹھان وسطڑو اور 2خواتین شامل ہیں