اسلام آباد (این این آئی)پی ٹی آئی رہنما اور سابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری نے مسجد نبوی ؐواقعے پر ایف آئی آرز اسلام آبادہائیکورٹ میں چیلنج کردی۔ درخواست میں پنجاب سندھ بلوچستان اور اسلام اباد کے آئی جیز وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ۔سابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی اور پی ٹی آئی رہنما قاسم سوری نے مسجد نبوی ؐکی توہین کے الزام میں فوجداری مقدمات کے تحت اندراج مقدمے کیخلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی۔ درخواست میں استدعا کی گئی کہ مجھے اور میرے سمیت تمام نامزد ساتھیوں اور تمام پی ٹی آئی قیادت کو قانون نافذ کرنے والوں اداروں کی طرف سے غیر قانونی ہراسمنٹ سے روکا جائے۔پولیس اور ایف آئی اے کو ہراساں کرنے سے روکا جائے،پولیس کو گرفتاری سے بھی روکا جائے۔ایڈووکیٹ انتظار حسین پنجوتھہ اور نعیم حیدر ایڈووکیٹ کے ذریعے درخواست دائر کی گئی،پاکستان تحریک انصاف کی قیادت کے خلاف پورے ملک میں درج شدہ توہین مذہب کے مقدمات کو خارج کیا جائے ۔