لاہور(آئی این پی )عمران خان کی جہانگیر ترین کے حوالے سے رائے بدل گئی، ماضی میں تعریفیں کرتے تھے، اب الزامات ہی الزامات لگا رہے ہیں۔اس صورتحال میں جہانگیر ترین نے بھی الزامات کا جواب دینے کیلئے کمر کس لی ہے اور آئندہ ہفتے سے سیاسی سرگرمیاں
شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔جہانگیر ترین کی جانب سے سیاسی فیصلے اور گروپ کے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کرنے کا امکان ہے۔اس حوالے سے ترین گروپ کے رکن قومی اسمبلی راجہ ریاض کا کہنا ہے جہانگیر ترین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ علیم خان کی طرح عمران خان کو ایکسپوز کریں۔خیال رہے کہ اپنے حالیہ پوڈ کاسٹ میں عمران خان نے کہا ہے کہ جہانگیر ترین اور علیم خان کا مقصد اقتدار میں آکر فائدہ اٹھانا تھا۔ان کا کہنا تھا علیم خان مجھ سے توقع کرتے تھے کہ میں ان کی زمین لیگل کرا دوں، علیم خان راوی پر 300 ایکڑ زمین خرید کر لیگل کرانا چاہتے تھے، وہاں سے علیم خان اور میرے درمیان دوریاں پیدا ہوئیں۔جہانگیر ترین سے متعلق بات کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ ان کا مسئلہ چینی بحران تھا جس پر کمیشن بھی بنایا، جہانگیر ترین ان لوگوں کے ساتھ کھڑے ہو گئے جو ملک کے سب سے بڑے ڈاکو ہیں، شوگر مافیا پر انکوائری بٹھائی تو جہانگیر ترین سے اختلافات ہو گئے۔