کراچی (آئی این پی)کراچی میں گرمی کی شدت نے تمام ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج کی رات ماہ اپریل کی گرم ترین رات ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ آج درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہونے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات نے بتایا کہ شہر میں
سمندری ہوائیں معطل ہیں جبکہ اس وقت شہر میں 8 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے شمال مغربی گرم ہوا چل رہی ہیں۔محکمہ موسمیات نے مزید بتایا کہ یکم مئی سے شہر میں گرمی کی شدت میں کمی کا امکان ہے، یکم تا 2 مئی شہر میں گرد آلود ہوائیں اور آندھی چلنے کا امکان ہے۔ چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کے مطابق 29,30 اپریل کے علاوہ 1 مئی کراچی کے لئے گرم ترین دن ہوسکتے ہیں البتہ مئی کے مہینے میں کراچی ہیٹ ویو سے باہر رہے گا۔سردار سرفراز کے مطابق ملک کے کچھ حصوں میں درجہ حرارت 50 ڈگری تک جاسکتا ہے جبکہ ہیٹ ویو 2 مئی تک رہے گی۔بلوچستان اور ملک کے بالائی حصوں میں بارش ہوسکتی ہے جبکہ ہیٹ ویو کے بعد بننے والا پریشر بھارت کی جانب مڑ جائے گا جس کے بعد گرمی کی شدت میں کمی رہے گی۔چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کے مطابق7,8 مئی سے ایک اور ہیٹ ویو آسکتی ہے کو مئی کے وسط تک رہے گی۔اس ہیٹ ویو کی لپیٹ میں اندرون سندھ اور پنجاب کے علاقے آئیں گے لیکن کراچی کو اس سے کوئی خطرہ نہیں۔کراچی میں 29,30 اپریل کو درجہ حرارت 40 ڈگری تک جاسکتا ہے جبکہ عید کے دنوں میں کراچی کا درجہ حرارت 34 سے 36 ڈگری تک رہے گا۔