اسلام آباد (این این آئی)محکمہ موسمیات نے عیدالفطر کی تعطیلات کے دوران مغربی موسمی نظام کے زیر اثر پاکستان بھر میں آندھی اور گردوغبار کے طوفان کے ساتھ ہلکی بارش کی پیش گوئی کی ہے، یہ سسٹم یکم مئی کو ملک میں داخل ہوگا۔جمعہ کو جاری ہونے والے ایک بیان میں محکمہ موسمیات نے خبردار کیا کہ مغربی موسم کی یہ لہر 5 مئی تک برقرار رہے گی،
نئے موسمی نظام کے تحت یکم مئی بروز اتوار سے 2 مئی بروز پیر کے درمیان کراچی، حیدر آباد، شہید بینظیر آباد، میرپور خاص، ٹھٹہ اور بدین میں گردوغبار کے طوفان کی توقع ہے۔محکمہ موسمیات یکم مئی سے 3 مئی تک چاغی، نوشکی، کوئٹہ، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ، لورالائی، مستونگ، ڑوب، زیارت، قلات، سبی، نصیر آباد، بارکھان، لاڑکانہ، جیکب آباد، سکھر، راجن پور، ڈیرہ غازی خان، لیہ، بھکر، ملتان، خانیوال، ساہیوال، اوکاڑہ، پاکپتن، بہاولنگر، بہاولپور اور رحیم یار خان میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات نے کہا کہ اس دوران ڈیرہ اسمٰعیل خان، بنوں، لکی مروت، وزیرستان، مری، گلیات، اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، میانوالی، خوشاب، سرگودھا، فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگ، جھنگ، شیخوپورہ، لاہور، حافظ آباد، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، نارووال اور گجرات میں 2 سے 4 مئی تک گرد آلود ہوائیں چلنے اور ہلکی بارش کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات نے اپنے بیان میں بتایا کہ یکم سے 5 مئی تک خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کے شمالی علاقوں میں بھی موسم میں تبدیلی آئے گی۔محکمہ موسمیات نے خبردار کیا کہ اس دروان گرج چمک کے ساتھ ہونے والی بارش کے باعث کمزور ڈھانچے کو نقصان پہنچ سکتا ہے جبکہ گلگت بلتستان میں بارش کی وجہ سے لینڈ سلائیڈنگ کے بھی خدشات ہیں۔
دوسری جانب نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے آنے والے دنوں میں گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا میں ہیٹ ویو کا الرٹ جاری کردیا ہے۔اتھارٹی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ اگلے پانچ دنوں میں ان علاقوں میں درجہ حرارت 5 سے 7 سینٹی گریڈ تک رہنے کی توقع ہے جو کہ معمول سے زیادہ ہے۔این ڈی ایم اے نے کہا کہ گرمی کی لہر برف کے پگھلنے کی شرح میں اضافہ کرے گی جس سے گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا کے
علاقوں میں گلیشیل لیک آؤٹ برسٹ فلڈ (جی ایل او ایف) اور سیلاب آسکتے ہیں۔این ڈی ایم اے نے صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ حکام کو چوکنا رہنے اور تمام احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی کہ خاص طور پر ششپر گلیشیل جھیل کی صورتحال کی روشنی میں جی ایل او ایف کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔این ڈی ایم اے نے حکام کو کہا کہ وہ مقامی کمیونٹی اور سیاحوں، مسافروں کو خطرے سے دوچار علاقوں کا دورہ کرنے سے خبردار کریں اور کسی بھی ناگہانی صورتحال میں فوری ردعمل کے لیے ہنگامی ریسکیو سروس کے اہلکاروں اور آلات کی دستیابی کو یقینی بنائیں۔