مدینہ منورہ (این این آئی)وفاقی وزیر برائے اینٹی نارکوٹکس شاہ زین بگتی نے کہا ہے کہ ریاست مدینہ کی مثالیں دینے والوں نے حقیقی مدینہ کی بے حرمتی کی ہے۔میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز افطار کے وقت مسجد نبوی میں بدتمیزی
کرنے والے پی ٹی آئی ورکروں کو نبی مکرم صل اللہ علیہ وآلہ وسلم کے صدقے کھلے دل سے معاف کرتا ہوں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ مسجد نبوی کی توہین اللّٰہ تعالیٰ اور ان کے حبیب کا معاملہ ہے، بیشک اللّٰہ تعالیٰ بہترین فیصلہ کرنے والا ہے۔شاہ زین بگتی نے کہا کہ عمران خان قوم کو غلط راستے پر لے جارہے ہیں، جس کا نتیجہ ملک و قوم کے لیے خطرناک ہوسکتا ہے۔اس موقع پر وفاقی وزیر چیئرمین سی پیک اتھارٹی چوہدری سالک حسین، مسلم لیگ ن جاپان کے سینئر نائب صدر ملک یونس، یوتھ ونگ مدینہ کے صدر ابو بکر چیمہ، معروف کاروباری خاصیت خالد چیمہ، رانا شوکت، سینئر صحافی طارق عزیز بھی موجود تھے۔شاہ زین بگتی نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کے کارکنوں کی حرکت کا پاکستان بھر میں رد عمل آ سکتا تھا، جس کا پاکستان کسی صورت متحمل نہیں ہو سکتا۔انہوں نے کہا کہ شر پسند عناصر اقتدار چھن جانے کے بعد حواس باختہ ہو چکے ہیں اور وہ اقتدار کی ہوس میں پاکستان کی سلامتی کے خلاف سازشیں کر رہے ہیں۔اس موقع پر وفاقی وزیر چیئرمین سی پیک اتھارٹی چوہدری سالک حسین اور مسلم لیگ ن جاپان کے سینئر نائب صدر ملک محمد یونس نے مسجد نبوی کی توہین کرنے والے افراد کے اقدام کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔