لاہور( این این آئی)پولیس نے گورنر ہائوس کے باہر سے پنجاب اسمبلی کے گریڈ 20کے افسر سیکرٹری کوارڈی نیشن عنایت اللہ لک کو حراست میں لے لیا۔بتایا گیا ہے کہ سیکرٹری کوارڈی نیشن کسی کیس میں عدالت جارہے تھے کہ گورنر ہائوس کے باہر سے پولیس نے انہیں حراست میں لے لیا ۔ترجمان پنجاب اسمبلی نے بھی تصدیق کی ہے کہ سیکرٹری کوارڈی نیشن پنجاب اسمبلی عنایت اللہ لک کو پولیس نے حراست میں لے لیا ہے۔عنایت اللہ لک کو لاہور کے تھانہ گڑھی شاہو منتقل کر دیا گیا ہے۔دوسری جانب ڈپٹی کمشنر لاہور عمر شیر چٹھہ نے پنجاب اسمبلی کا دورہ کر کے سکیورٹی سمیت دیگر انتظامات کا جائزہ لیا۔ پولیس کے اعلیٰ افسران بھی ان کے ہمراہ تھے ۔انہوں نے کہا کہ ہم نے قانون کے مطابق سکیورٹی کے تمام انتظامات کئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں کسی کی نظر بندی کے احکامات موصول نہیں ہوئے ۔