اسلام آباد(آئی این پی) پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ سابق نااہل حکومت نے ملک کو مہنگائی، بے روزگاری اور قرضوں کے بحران میں ڈال دیا ہے، 70سال میں ملک پر قرضوں کا بوجھ 25ہزار ارب تھا جو پی ٹی آئی حکومت میں 50ہزار ارب تک پہنچ گیا،پی ٹی آئی حکومت کی وجہ سے پاکستان کو سفارتی شرمندگی اور تنہائی
کا سامنا کرنا پڑا، خط کو بنیاد بنا کر سیاسی بیانیہ بنایا جا رہا ہے، عمران خان نے خط کا کوئی ثبوت پیش نہیں کیا، یہ ایک فرضی خط ہے جو پہلے جلسے اور پھر ایوان میں لہرایا گیا۔منگل کو اپنے ایک بیان میں سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ سابق نااہل حکومت نے ملک کو مہنگائی، بے روزگاری اور قرضوں کے بحران میں ڈال دیا ہے، قرضوں پر حکومت چلا کر اب یہ غلامی سے آزادی کے نعرے لگا رہے ہیں، اقوام متحدہ نے پاکستان کو ان 5 ممالک میں شامل کر دیا ہے جن پر بیرونی قرضوں کا شدید بوجھ ہے، 70سال میں ملک پر قرضوں کا بوجھ 25 ہزار ارب تھا جو پی ٹی آئی حکومت میں 50ہزار ارب تک پہنچ گیا، سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ اسٹیٹ بینک اور معیشت کو آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھنے والے کس منہ سے خودمختاری اور آزادی کی باتیں کر رہے ہیں؟پی ٹی آئی حکومت کی وجہ سے پاکستان کو سفارتی شرمندگی اور تنہائی کا سامنا کرنا پڑا، خط کو بنیاد بنا کر سیاسی بیانیہ بنایا جا رہا ہے، عمران خان نے خط کا کوئی ثبوت پیش نہیں کیا، یہ ایک فرضی خط ہے جو پہلے جلسے اور پھر ایوان میں لہرایا گیا، یہ کیسی سازش تھی جو خط تک محدود تھی؟ پی ٹی آئی خط کی آڑ میں پاکستان کے لئے خطرناک سفارتی بحران پیدا کر رہی ہے۔