لندن(مرتضیٰ علی شاہ )لندن میں مسلم لیگ (ن) اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے حامیوں اور کارکنوں کا آمنا سامنا ۔ روزنامہ جنگ میں مرتضیٰ علی شاہ کی شائع خبر کے مطابق ایوان فیلڈ اپارٹمنٹس کے باہر دونوں حریف سیا سی جماعتوں کے حامیوں میں مظاہرے کے
دوران تصادم ہوا۔ تحریک انصاف کے کارکنوں کو عمران خان ہائیلڈ پارک میں جمع ہو کر مظاہرہ کرنے اور اس کے بعد امریکی سفارت خانے تک ریلی نکالنے کی ہدایت کی تھی ۔ تا ہم برطانیہ میں پارٹی قیادت کی ہدایت پر ہائیڈ پارک میں مظاہرے کے بعد کارکنان ایون فیلڈ اپارٹمنٹس کے باہر جمع ہوئے جس کے بعد انہوں نے پاکستانی ہائی کمیشن کی جانب مارچ کیا ۔ تحریک انصاف کے حامی اور کارکنان پورے برطانیہ سے ہائیڈ پارک میں جمع ہوئے جہاں مقررین نے دو گھنٹے جذباتی خطاب کیا ۔ جس کے بعد ایوان فیلڈ اپارٹمنٹس کی جانب روانہ ہوئے ۔ ن لیگ کے کارکنان پہلے ہی سے جمع تھے۔ وہ عمران خان کی اقتدار سے محرومی کا جشن منارہے تھے۔ نواز شریف کے بیٹے حسین اور حسن شہباز شریف کی ممکنہ وزارت عظمیٰ کے جشن میں شریک تھے۔ دونوں جماعتوں کے کارکنوں کا آمنا سامناتین گھنٹے جاری رہا ۔