لاہور( این این آئی)خاتون اول کی قریبی دوست فرح خان کے شوہر احسن جمیل گجر نے کہا ہے کہ میری بیگم اور خاتون اول کا آپس میں بہنوں جیسا تعلق ہے، مجھے نہیں معلوم فرح جس جہاز میں بیٹھی وہ کس کا جیٹ طیارہ تھا، فرح کے پاس کوئی ایسی چیز نہیں جو دنیا سے الگ ہو،پاکستان کی عدالتیں آزاد ہیں، نیب، ایف آئی اے سمیت کوئی بھی ادارہ بلائے گا تو پیش ہوں گے، عثمان بزدار کے کسی پرنسپل سیکرٹری سے میرا کوئی ذاتی تعلق نہیں،
ساری باتیں مفروضوں پر ہو رہی ہیں۔نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے احسن جمیل گجر نے کہا کہ فرح 2005 سے پورشے گاڑی چلا رہی ہے، چوبر جی جہاز میں بھی کئی لوگوں نے تصویریں بنوائی ہوئی ہیں مجھے نہیں معلومفرح جس جہازمیں بیٹھی کس کا جیٹ طیارہ تھا، تصویروں سے اندازے لگائے جارہے ہیں، فرح کے پاس کوئی ایسی چیز نہیں جو دنیا سے الگ ہو، جس گائوں کا ذکر ہورہا ہے وہاں آبائی گھر ہے ، اس گھر کو ویلفیئر کاموں کے لیے استعمال کیا جاتا ہے، ایم این ایز، ایم پی ایز ہزاروں سڑکیں بناتے ہیں۔فرح خان کے شوہر کا مزید کہنا تھا کہ میرا سیاست سے کوئی تعلق نہیں،گوجرانوالہ میں ڈپٹی کمشنر یا پولیس کے کسی کام میں مداخلت نہیں کی، اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر اور پولیس حکام سے پوچھا جاسکتا ہے، گوجرانوالہ میں ہماری زمینیں، ہائوسنگ سوسائٹی ہے، ہم نے کبھی گوجرانوالہ میں کسی سرکاری کام میں مداخلت نہیں کی، پاکستان کے کسی پولیس اسٹیشن میں ہمارے خلاف کوئی مقدمہ نہیں جو بھاگتے، بیرون ملک آنا جانا معمول ہے، بیرون ملک ہمارا کوئی کاروبارنہیں، بتایا جائے کس ادارے میں ہمارے خلاف کوئی شکایت ہے؟ فرح اور میں ملک واپس آئیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم بھاگنے والے نہیں اگر کوئی عدالت بلائے گی تو تمام الزامات کا سامنا کریں گے، پاکستان کی عدالتیں آزاد ہیں، نیب، ایف آئی اے سمیت کوئی بھی ادارہ بلائے گا تو پیش ہوں گے، عثمان بزدار کے کسی پرنسپل سیکرٹری سے میرا کوئی ذاتی تعلق نہیں، ساری باتیں مفروضوں پر ہو رہی ہیں۔احسن جمیل گجر نے کہا کہ عمران خان کی ذات کو نشانہ بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے، چیف سیکرٹری سے پوچھا جائے کیا ہم نے کسی تبادلے کے لیے کہا۔