لاہور(این این آئی)پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئر مین رمیز راجہ نے کہاہے کہ پاک آسٹریلیا سیریز نے کرکٹ بورڈ کو کمرشل سائیڈ پر بڑا فائدہ پہنچایا ، صرف آسٹریلیا کے ہوم ٹور سے تقریباً دو ارب تک منافع کمایا۔تفصیلات کے مطابق 24 سال بعد پاکستان کے تاریخی دورے پر آئی
آسٹریلوی ٹیم نے پاکستانی شائقین کی توجہ اپنی جانب خوب مبذول کرائی، ناصرف شائقین کرکٹ بلکہ دنیا بھر کے لوگوں کی نظریں پاکستان میں کرکٹ کی بحالی پر تھیں،یہ سیریز پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) کیلئے منافع بخش ثابت ہوئی، پی سی بی کے چیئرمین رمیز راجا نے کہا کہ پاک آسٹریلیا سیریز نے کرکٹ بورڈ کو کمرشل سائیڈ پر بڑا فائدہ پہنچایا ہے۔پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ انٹرویو میں رمیز راجا نے کہا کہ اکتوبر میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھارت کے خلاف پاکستان کی تاریخی فتح نے تجارتی پہلوؤں کے لحاظ سے ہماری کرکٹ کو فائدہ پہنچایا، پوری دنیا کے لوگوں نے ہماری ٹیم اور اس کھیل میں دلچسپی لی۔رمیز راجا کے مطابق صرف آسٹریلیا کے ہوم ٹور سے تقریباً دو ارب تک منافع کمایا۔چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ یہ ہمارے لیے خوش آئند ہے اور ہماری کرکٹ کے آگے بڑھنے کیلئے ایک مثبت علامت ہے۔انہوں نے کہا کہ ماضی قریب میں اچھی کارکردگی کے ساتھ ہماری کرکٹ ٹیم نے لوگوں میں اعتماد پیدا کیا جس نے ہمیں تجارتی بنیادوں پر نئی بلندیوں پر پہنچایا ہے۔