اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک ٗ این این آئی)پاکستان مسلم لیگ ن کے مہنگائی مکاؤ مارچ نے غریب محنت کش کی زندگی کا خاتمہ کردیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ملک میں مہنگائی کے خلاف مسلم لیگ ن کے مارچ میں آئے ٹرک نے محنت کش کچل دیا،جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔
پنجاب کے شہر گوجرانوالا میں ن لیگ کے مہنگائی مکاؤ مارچ میں ٹرک بھی شامل ہیں،متوفی پرویز اور اس کا بھائی جلسے میں پانی کی بوتلیں بیچنے آئے تھے،پولیس کے مطابق سروس روڈ اقبال ہائی اسکول کے پاس پرویز ٹرک کی زد میں آگیا۔پولیس نے ٹرک ڈرائیور کو حراست میں لے لیا،متوفی کے بھائی کا کہنا ہے کہ محنت مزدوری کرنے آئے تھے، جنازہ لے کر جا رہے ہیں،دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز اور پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ لیگ (ق) سے اپوزیشن کے مذاکرات جاری ہیں ،عوامی دباؤ کے باعث چوہدری اپوزیشن کا ساتھ دیں گے۔ نجی ٹی وی کے مطابق خصوصی گفتگو میں مریم اور حمزہ نے کہا کہ حکومتی اتحادی مسلم لیگ (ق) سے اپوزیشن کے مذاکرات جاری ہیں اور عوامی دباؤ کے باعث گجرات کے چوہدری اس (اپوزیشن) کا ساتھ دیں گے۔یہ پوچھے جانے پر کہ کیا مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے چوہدری پرویز الہٰی کو پنجاب میں وزیر اعلیٰ بنانے سے انکار کر دیا ہے، مریم نواز نے کہا کہ ابھی تک ایسا کوئی فیصلہ نہیں ہوا، اتحادی زمینی حقائق جانتے ہوئے اپوزیشن کا ساتھ دیں گے۔حمزہ نے کہا کہ اپوزیشن مسلم لیگ (ق) سے رابطے میں ہے، عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے بعد اپوزیشن کا اگلا ہدف پنجاب ہے