حیدرآباد (این این آئی) مشیر زراعت سندھ منظور وسان نے حکومت کے جانے سے متعلق خواب دیکھ لیا اور پیش گوئی کی ہے کہ عدم اعتماد کی ووٹنگ سے قبل ہی کوئی بڑا فیصلہ آجائے گا،عمران خان بائے بائے کرتے نظر آرہے ہیں۔تفصیلات کے مطابق سیاسی پیشگوئیوں کے حوالے سے شہرت رکھنے والے پاکستان پیپلز پارٹی کے
رہنما اور مشیر زراعت سندھ منظور وسان نے ٹنڈوجام میں تقریب کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا عدم اعتماد کی ووٹنگ سے قبل ہی حکومت کا کام اتر جائے گا۔منظور وسان نے پیش گوئی کی کہ نہ جلوس ہوگا نہ جلسے، اس سے پہلے ہی کوئی بڑا فیصلہ آجائے گا اور عدم اعتماد سے پہلے ہی تمام معاملات طے ہوجائیں گے۔اتحادی جماعتوں کے حوالے سے صوبائی مشیر نے کہا کہ جس کا پلڑا بھاری ہوگا اتحادی اس کے پاس جائیں گے، اس بار اپوزیشن کا پلڑا بھاری ہے۔انھوں نے کہا کہ عمران خان کیساتھ جوکچھ ہورہاہے،اچھا نہیں ہورہا، جوبھی ہوگاعوام کے حق میں ہوگا۔عام انتخابات سے متعلق منظور وسان نے کہا کہ عام انتخابات بھی ہوسکتے ہیں اورتاخیربھی ہوسکتی ہے، 28مارچ سے پہلے بہت اہم اوربڑے فیصلے ہوں گے۔ایم کیو ایم سے متعلق انھوں نے کہا کہ ایم کیو ایم ہماری پرانی اتحادی جماعت ہے، ایم کیو ایم کے اتحاد سے سندھ کے رہنے والوں کو نقصان نہیں ہوگا۔صوبائی مشیر نے کہا کہ الیکشن ہوں گے ، جمہوریت چلے گی اورپولیٹیکل سسٹم چلے گا لیکن عمران خان بائے بائے کرتے نظر آرہے ہیں۔انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی ایم این ایز کو زبردستی اغواکرنیوالی باتوں میں صداقت نہیں، ایسے الزامات سے لگ رہا ہے ،عمران خان کو ممبران پر خود اعتماد نہیں۔