اسلام آباد (این این آئی)وزیراعظم عمران خان اور وفاقی وزیر اسد عمر نے الیکشن کمیشن کے نوٹسز کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا ہے۔
درخواست میں الیکشن کمیشن آف پاکستان اور وفاق کو بذریعہ سیکرٹری کابینہ درخواست میں فریق بنایا گیا ہے۔درخواست مین سوال اٹھایا گیا کہ کیا الیکشن کمیشن ضابطہ اخلاق سے الیکشن ایکٹ میں ترمیم کو ختم کر سکتا ہے؟،درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ انتخابی مہم سے متعلق الیکشن کمیشن کا آرڈر خلاف قانون ہے،صدارتی حکم نامے کے ذریعے پبلک آفس ہولڈر الیکشن مہم میں حصہ لینے کی اجازت دی گئی تھی، الیکشن کمیشن آرڈی نینس کے بعد انتخابی مہم پر پابندی نہیں لگا سکتا کیونکہ الیکشن کمیشن کے پاس قانون کی تشریح کا اختیار نہیں، درخواست گزار نے استدعا کی کہ الیکشن کمیشن کا 10مارچ کا آرڈر اور 11مارچ کے نوٹسز کالعدم قرار دیے جائیں۔