اسلام آباد ( آن لائن) حکومت کی قانونی ٹیم نے اپوزیشن کی عدم اعتماد تحریک کو تکنیکی اور آئینی بنیاد پر ناک آؤٹ کرنے کا منصوبہ تیار کر لیا ہے،قانونی ٹیم نے عدم اعتماد کی تحریک پر تجاویز وزیراعظم اور سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو بھجوا دیں ہیں۔
وزیر اعظم کو تجویز بھجوائی گئی ہے کہ پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی کرنے والے اراکین بارے سپیکر کو ابھی سے خط لکھا جائے،ممکنہ طور پر منحرف اراکین کی مبینہ فہرست پہلے ہی عمران خان کے پاس موجود ہے،وزیراعظم سپیکر سے درخواست کریں کہ وہ ان اراکین کو حکومتی پالیسی کی خلاف ورزی کی صورت میں ووٹ نہ ڈالنے دیں،قانونی ماہرین کی رائے دی کہ اگر یہ اراکین ووٹ ڈالیں تو ان کے ووٹ کو گنتی میں شمار نہ کیا جائے،سپیکر ایسے اراکین بارے ایوان میں ووٹنگ کے دوران یا گنتی کے دوران آگاہ بھی کریں،سپیکر کو ایسے اراکین کے خلاف نا اہلی ریفرنس الیکشن کمیشن کو بھیجنے کا بھی کہا جائے گا ،سپیکر ایسے اراکین سے متعلق وزیراعظم کے خط کو بنیاد بنا کر تحریک عدم اعتماد کو ناکام قرار دینے کی رولنگ دیں،سپیکر کے رولنگ دیتے ہیں عدم اعتماد ناکام ہوجائے گی ،اپوزیشن رولنگ کو عدالت میں چیلنج کرے گی تو کیس لمبا چلے گا۔