لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک ، آن لائن)جہانگیر ترین گروپ سے ایک اور صوبائی وزیر نے علیحدگی کا اعلان کر دیا۔نجی ٹی وی کے مطابق صوبائی وزیر صمصام بخاری نے ترین گروپ سے علیحدگی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم سے آج وزیراعلیٰ ہاؤس میں ملاقات کروں گا۔
صمصام بخاری کا کہنا تھا کہ ترین گروپ کے نعمان لنگڑیال سے ذاتی حیثیت میں ملاقات کی، نعمان لنگڑیال چھوٹا بھائی ہے اس سے ذاتی تعلقات ہیں۔صوبائی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ ترین گروپ کے کسی سیاسی اجلاس میں کبھی شرکت نہیں کی۔یاد رہے کہ اس سے قبل ترین گروپ کے آصف نکئی اور سردار خرم لغاری بھی ترین گروپ سے علیحدگی کا اعلان کر چکے ہیں۔دوسری جانب پنجاب کے وزیر برائے توانائی اختر ملک نے پی ٹی آئی ناراض گروپ کے راہنما عبدالعلیم خان کا ساتھ دینے سے انکار کر دیا۔صوبائی وزیر نے علیم خان کو جواب دیا کہ مشکل وقت میں پارٹی نہیں چھوڑ سکتا۔پنجاب اسمبلی کے تین ارکان نے رابطہ کرنے پر عبدالعلیم خان کو جواب دے دیا ہے۔ صوبائی وزیر کی دو روز قبل علیم خان سے ملاقات ہوئی تھی۔وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے صوبائی وزیر اختر ملک سے رابطہ کرکے ملاقات کے لیے بلا لیا ہے۔