اسلام آباد(آ ن لائن)وزیراعظم عمران خان نے موجودہ سیاسی صورتحال پر مشاورت کے لیے پارٹی رہنماؤں کو بنی گلالہ بلا لیا۔ذرائع کے مطابق اپوزیشن کی جانب سے عدم اعتماد کی تحریک جمع کرائے جانے کے بعد پیدا ہونے والی سیاسی صورتحال کے تناظر میں وزیراعظم کی
پارٹی رہنماؤں سے اہم ملاقات ہو گی۔وزیراعظم کی کراچی سے واپسی پر بنی گالہ میں اجلاس ہو گا جس میں ارکان پارلیمنٹ سے ملاقاتیں بھی کی جائیں گی۔ وزیراعظم سے بلوچستان عوامی پارٹی کے ارکان بھی ملاقات کریں گے۔وزیراعظم عدم اعتماد سمیت سیاسی صورتحال، پنجاب اور مرکز میں اپوزیشن کو ناکام بنانے کے لیے حکمت عملی پر بھی غور کریں گے۔وزیر اعظم عمران خان نے بدھ کو قائد میں اپوزیشن کو زبردست جواب دینے کے لیے بھرپور دن گزارا، وزیر اعظم جب گورنر ہاؤس میں پی ٹی آئی اراکین قومی و صوبائی اسمبلی سے ملاقات کر رہے تھے، تو سندھ میں اپنی حکمت عملی سے متعلق بات چیت کے ساتھ ساتھ ان کے آپس میں ایک دل چسپ مکالمہ بھی ہوا۔وزیر اعظم نے اراکین سے کہا میں رمضان میں اور عید کے بعد اندرون سندھ جاؤں گا، آپ سب مخالفین کے آگے ڈٹ کر کھڑے رہیں، وزیر اعظم کے اراکین کو دیے گئے اس پیغام کے جواب میں انھوں نے کہا‘وزیر اعظم صاحب، ہم سب آپ کے ساتھ ہیں، آپ نے گھبرانا نہیں ہے۔