اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے بھارت نے آخری وارننگ دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اب ہمارے پانیوں میں آئے تو ہم سے گلہ نہ کرنا،کوئی
پاکستان کے بری، بحری، اور فضائی حدود کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔ اپنے بیان میں وزیر داخلہ نے کہاکہ پاکستان کے گہرے پانیوں میں پانچویں دفعہ مداخلت کرنے کی کوشش کی ہے۔ انہوںنے کہاکہ ایک سال پہلے بھی ہم نے ان کی سب میرین کو پکڑا تھالیکن مارا نہیں۔ انہوںنے کہاکہ ہم ایک پر امن ملک ہیں ہم نے ان کو مارا نہیں وارننگ دی تاکہ وہ واپس چلی جائے۔ وفاقی وزیر داخلہ نے کہاکہ گزشتہ روز بھی ہم نے ان کو متنبہ کیا کہ ‘‘انف ازانف ‘‘۔ انہوںنے کہاکہ ہم نے گزشتہ روز بھارت کو آخری بار وارننگ دی ہے، اب ہمارے پانیوں میں آئے تو ہم سے گلہ نہ کرنا۔ انہوںنے کہاکہ ہماری عظیم فوج ہے اور ہماری پاکستان بحریہ کا عظیم جذبہ ہے۔ وزیر داخلہ نے کہاکہ کوئی پاکستان کے بری، بحری، اور فضائی حدود کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔وزیر داخلہ نے کہاکہ ہم عظیم فوج کا عظیم ملک ؛ پاکستان ہیں۔



















































