اسلام آباد ( آن لائن ، این این آئی) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ ق لیگ مفت میں ووٹ نہیں دے گی، انہیں بہتر پیشکش دینی چاہیے، کون کون رابطے میں ہیں، مناسب وقت پر نام سامنے لائیں گے
۔چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے ٹوئٹر پراپنے بیان میں کہا ہے کہ حکومت کو ہٹانے کیلئے عدم اعتماد ہی جمہوری طریقہ ہے، عمران خان کے بعد محدود مدت کا سیٹ اپ آئے گا، وزیراعظم کیلئے شہباز شریف کو ووٹ دینا پیپلزپارٹی کیلئے کڑا ٹاسک ہے، ملکی مفاد میں شارٹ ٹرم کیلئے یہ قربانی دینے کو تیار ہیں۔دوسری جانب سیکرٹری جنرل پیپلز پارٹی سید نیر حسین بخاری نے کہا ہے کہ عوامی مارچ میں شریک لاکھوں لوگ اور والہانہ استقبال بلاول بھٹو پر عوامی اعتماد اور جعلی حکمرانوں پر عدم اعتماد ہے ۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ سندھ میں رانگ مارچ والے بھگائے جیالے اسلام آباد بھی خالی کرائیں گے ،شیرو ٹائیگر زہنیت کا علاج عوامی قوت سے کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ کرونا وباء سے مہلک مرض حکمرانوں سے نجات لازم ہو چکی ہے ،پیپلز پارٹی غیر جمہوری سوچ کی آئینی طریقے سے مرمت بھی کریگی ۔انہوں نے کہاکہ گھبرائے ہوئے وزیراعظم اور مانگے تانگے وزرا بوکھلاہٹ کا شکار ہوچکے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ نااہل حکمرانوں کے پیدا کردہ گھمبیر آئینی معاشی مسائل کا حل صرف اور صرف نئے انتخابات میں ہے ۔



















































