اسلام کوٹ(مانیٹرنگ ڈیسک)تھرکول بلاک 2 کے بجلی گھر میں کنویر بیلٹ دھماکے سے ٹوٹنے سے ایک حصے کو آگ لگ گئی۔5 افراد شدید زخمی۔انتظامیہ نے عارضی طور پر330 میگاواٹ کے دونوں بجلی گھروں کو بند کر دیا۔
روزنامہ جنگ میں عبدالغنی بجیر کی رپورٹ کے مطابق اس ضمن سندھ اینگرو کول مائننگ کمپنی کے ترجمان عرفان جونیجو نے میڈیا کو بتایا کہ واقعہ کنویر بیلٹ ٹوٹنے کی وجہ سے پیش آیا ہے جو کہ پاور پلانٹ کو کوئلہ فراہم کر رہا ہوتا ہے۔نتیجے میں 5افراد زخمی ہوئے ہیں جن کو طبی امداد دی گئی ہے اور اب حالت بہتر ہے۔تکنیکی ٹیم خرابی کا سبب معلوم کر رہی ہے اور بجلی گھروں کی ضروری مرمت کے بعد آپریشن فعال ہو جائے گا۔اس وقت ہماری سب سے پہلی ترجیح کام کرنے والے عملے کی حفاظت ہے۔ادھر انتظامیہ کی جانب سے اسلام کوٹ ہسپتال سے ایمبولینسز و عملے کو امکانی ہنگامی صورتحال کی پیش نظر تھرکول سائٹ بھیج دیا گیا تھا۔