اسلام آباد ( آن لائن)اپوزیشن نے قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کے لئے ریکوزیشن تیار کرلی ہے اور ریکوزیشن اجلاس کے دوران ہی وزیر اعظم عمران خان یا سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کرنے کا فیصلہ کیا جائیگا ،اپوزیشن ذرائع نے آن لائن کو بتایا کہ
تحریک عدم اعتماد پر 100 سے زائد اراکین کے دستخط ہیں اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی طرف سے گرین سگنل ملتے ہی یہ تحریک قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کرادی جائے گی اس تحریک میں حکومت کی ناقص کارکردگی اور بڑھتی ہوئی مہنگائی کو ایجنڈے کے طور پر شامل کیا جائیگا اور اس پر بحث کرانے کا مطالبہ کیا جائیگا ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کا منصوبہ ہے کہ اس تحریک کے دوران ہی عدم اعتماد کی تحریک بھی پیش کردی جائے اس حوالے سے قومی اسمبلی کے قواعد و ضوابط یا آئین میں کوئی پابندی نہیں کہ ریکوزیشن اجلاس میں تحریک پیش نہیں ہوسکتی ،ذرائع کا کہنا ہے کہ اپوزیشن مرحلہ وار حکومت پر دبائو بڑھانے کی پالیسی پر گامزن ہے اور اسی وجہ سے قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کی ریکوزیشن تیار کی گئی ہے جیسے ہی ریکوزیشن جمع ہوگی سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر 14 دن کے اندر اجلاس بلانے کے پابند ہوں گے ۔