اسلام آباد (این این آئی) وزیر اعظم عمران خان نے کہاہے کہ سوشل میڈیا پر وزیراعظم کو بھی نہیں چھوڑا جارہا۔قوم سے خطاب میں وزیراعظم نے پریوینشن آف الیکٹرانک کرائمز ایکٹ (پیکا) ترمیمی آرڈیننس کے حوالے سے کہا کہ یہ قانون 2016 میں بنایا گیا، ہم صرف اس میں
کچھ ترامیم کرنے جا رہے ہیں، اس قانون پر کافی شور مچا ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس قانون کو لانے کا مقصد یہ ہے کہ سوشل میڈیا پر جس طرح کا گند آرہا ہے کہ اسے کنٹرول کرنا ضروری ہے، چائلڈ پورنوگرافی کی بھرمار ہے، ایسا مواد کسی مہذب دنیا کے سوشل میڈیا پر نہیں جیسا ہمارے ہاں موجود ہے۔ سوشل میڈیا پر وزیراعظم کو بھی نہیں بخشا جارہا۔وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہم نے جس ملک کیلئے جنگ لڑی اس نے 400 سے زائد ڈرون حملے کیے۔ قوم سے خطاب میں وزیر اعظم نے کہاکہ ہم نے جس ملک کے لیے جنگ لڑی اس نے 400 سے زائد ڈرون حملے کیے، یہ ہمارے لیے نہیں بلکہ پوری دنیا کیلئے بہت شرمناک تھا، مشرف کے دور میں ڈرون حملے ہوئے جو جمہوری لیڈر نہیں تھا مگر نوازشریف اور زرداری کے دور میں بھی جمہوری رہنماؤں نے ڈرون حملوں پر کوئی آواز نہیں اٹھائی۔