کراچی(این این آئی)کراچی کی ملیر ندی میں کورنگی انڈسٹریل ایریا کاز وے پر گزشتہ رات مسلح ملزمان نے ٹریفک جام کے دوران100سے زائد شہریوں کو ایک ساتھ لوٹ لیاتاہم پولیس کے پہنچنے سے قبل ہی ملزمان فرار ہو گئے۔کورنگی انڈسٹریل ایریا کاز وے کے قریب ڈاکئوں نے ناکہ لگاکر جدید ہتھیاروں سے لیس 8 رکنی گروہ نے 100 سے زائد شہریوں سے
لوٹ مارکی۔پولیس 25 منٹ تاخیر سے پہنچی جب کہ ایس ایچ او کورنگی انڈسٹریل ایریا کا ندی کے اطراف ناکام آپریشن ہوا۔متاثرین نے بتایاکہ ملزمان ٹریفک جام کرکے لوٹ مار کرتے رہے، ملزمان خواتین کے زیورات نوچتے رہے، جدید ہتھیاروں سے لیس 8 رکنی گروہ وارداتوں کے بعد فرار ہوگیا، کاز وے کے قریب وارداتیں معمول کا حصہ ہیں۔مقامی میڈیا نمائندوں کی لائیو کوریج کرنے والی گاڑی بھی اس طرف موجود تھی، تاہم بڑی گاڑی ہونے کی وجہ سے یہ افراد واردات کا نشانہ بننے سے محفوظ رہے۔عینی شاہدین نے بتایاکہ ملزمان کی تعداد 6 سے 8 کے درمیان تھی جو مسلح تھے، جنہوں نے بیچ سڑک پر کھڑے ہو کر شہریوں سے لوٹ مار کی۔عینی شاہدین کے مطابق شادی میں شرکت کے لیے جانے والی ایک فیملی سے بھی ملزمان نے لوٹ مار کی اور ایک خاتون سے بدتمیزی کی۔سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس کورنگی فیصل بشیر میمن نے رابطہ کرنے پر بتایا ہے کہ اطلاع ملتے ہی کورنگی انڈسٹریل ایریا تھانے کے ڈی ایس پی کی سربراہی میں پولیس کی بھاری نفری کازوے بھیج دی گئی تھی۔موقع پر موجود افراد کے مطابق پولیس کے پہنچنے سے قبل ٹریفک جام بھی ختم ہو گیا تھا اور ملزمان بھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے تھے۔کراچی کے علاقے بلوچ کالونی سے کورنگی انڈسٹریل ایریا کو جانے والے کاز وے پر اس طرح کی وارداتیں عام ہو کر رہ گئی ہیں۔