ٹوبہ ٹیک سنگھ(آن لائن) مسلم لیگ(ضیائ) کے سربراہ سابق وفاقی وزیر اعجاز الحق نے کہا ہے کہ پاکستان افغانستان کی مدد کررہا ہے ،مگر حکمران طالبان حکومت کو تسلیم کرنے کیلئے امریکہ ،چین اور دیگر ممالک کی طرف دیکھ رہے ہیں ،سابق اور موجودہ حکمرانوں نے ملک کو آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھ دیا ،مہنگائی کا طوفان موجودہ حکمرانوں کی نااہلی کے باعث ہے
،دنیا میں ایسا حکمران نہیں دیکھا جو جب تک اقتدار میں رہے تو سب اچھا اور جب اس کا احتساب شروع ہوتو وہ اپنے ہی ملک کے سیکورٹی اداروں اور فوج کے خلاف بات کرنے لگے ،ایسے سیاستدانوں کا احتساب ضروری ہے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹوبہ ٹیک سنگھ میں سلیمان خیل قبائل اتحاد پاکستان کونشن کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،جس میں انہوں نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی ،اس موقع پر سلیمان خیل قبائل اتحاد پاکستان کے مرکزی چیئرمین حاجی گل میر خان ،مرکزی جنرل سیکرٹری ڈاکٹر اسد اللہ حقانی ،ضلعی صدر عثمان خان ،صوبائی چیئرمین انٹی نارکوٹکس کمیٹی پنجاب چوہدری رمضان پرویز و دیگر رہنما بھی موجود تھے ،سابق وفاقی وزیر اعجاز الحق نے کہا کہ اگر جہاد افغانستان نہ ہوتا تو آج پاکستان بھی ایٹمی طاقت نہ ہوتا ،امریکہ ہمیں کبھی بھی ایٹمی طاقت نہ بننے دیتا ،ہمارے قبائل ہمارے محافظ ہیں ،ہم ان کے مسائل کے حل کیلئے ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں ،مرکزی جنرل سیکرٹری ڈاکٹر اسد اللہ حقانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پشتون کمیونٹی ملکی سرحدوں کی محافظ ہے ،بیرونی طاقتیں جو مرضی سازشیں کرلیں بلوچستان میں دشمن کو اپنے سیکورٹی اداروں کے ساتھ ملکر شکست دیں گے ،قبائل نے پاکستان کی تحریک آزادی میں کلیدی کردار ادا کیا تھا حکومت ان کے مسائل کے حل اور قبائلی علاقوں کی تعمیر وترقی کیلئے ٹھوس اقدامات کرے ۔