کراچی (این این آئی)کراچی سے اسٹریٹ کرائم کا خاتمہ خواب بنتا جا رہا ہے، شہریوں کی زندگیاں اور قیمتی اشیا کرمنلز کے رحم و کرم پر رہ گئی ہیں۔فیڈرل بی ایریا بلاک 17 میں 3 مسلح ملزمان اسٹریٹ کرائم کی واردات کے دوران دیگر سامان کے علاوہ دودھ اور ڈبل روٹی بھی لوٹ کر لے گئے۔ملزمان موٹر سائیکل پر شہری کا پیچھا کرتے ہوئے گھر تک پہنچے، ڈاکووں نے شہری کو اسلحے کے زور پر لوٹا، ساتھ ہی موٹر سائیکل بھی لے کر فرار ہو گئے۔
سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزمان کو واضح طور پر دیکھا جاسکتا ہے، ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ملزمان موٹر سائیکل پر لٹکی دودھ اور ڈبل روٹی کی تھیلی بھی ساتھ لے گئے۔اس روز ایف بی ایریا بلاک 17 کی 2 مختلف گلیوں میں الگ الگ وارداتوں کے دوران 2 عدد کھڑی بائیکس بھی چوری کر لی گئیں۔اسٹریٹ کرائمز کی بڑھتی وارداتوں کے باعث علاقہ مکین خوف کا شکار ہیں، شہریوں نے بڑھتی ہوئی وارداتوں پر اسٹریٹ کرمنلز کے خلاف موثر کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔