اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک/این این آئی )عوام موسم سرما کی ممکنہ آخری بارش کیلئے تیاری کر لیں ، ملک بھر کے کئی شہروں میں بادل گرجنے ، بارش برسنے کی پیش گوئی کر دی گئی ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق فروری کے دوسرا ہفتہ شروع ہوتے ہی پنجاب کے کئی شہروں میں
بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے ۔ دوسری جانب محکمہ موسمیات ارلی وارننگ سینٹر نے شہر میں آج(منگل) ہلکی بارش اوربونداباندی کا امکان ظاہر کیاہے۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں آج (منگل)بوندا باندی اور کہیں کہیں ہلکی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق پیرکوشہرکا موجودہ درجہ حرارت 18 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 85 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں اگلے 24گھنٹوں کے دوران مختلف سمتوں کی ہوائیں چل سکتی ہیں۔ ابتدا میں بلوچستان کی شمال مغربی اوربعدمیں سمندری ہوائیں چل سکتی ہیں۔اگلے 24گھنٹوں کے دوران شہر کا کم سے کم پارہ 16سے18ڈگری کے درمیان رہنے کا امکان ہے، جب کہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 24سے26ڈگری کے درمیان رہ سکتا ہے۔دریں اثنا محکمہ موسمیات پشاور نے صوبے کے بیشتر حصوں میں بارشیں برسانے والا مغربی ہوائوں کا نیا سسٹم منگل/بدھ کے دوران اثرانداز ہونے کی پیشنگوئی کی ہے جس کے باعث خیبرپختونخوا،گلگت بلتستان کے بعض مقامات پر ہلکی بارش اورپہاڑوں پر برفباری ہوسکتی ہے۔پیر کے روز محکمہ موسمیات کے اعلامیہ کے مطابق بارشیں برسانے والا مغربی ہواوں کا نیا سسٹم منگل/بدھ کو خیبرپختونخوا میں داخل ہوگاجس سے بالائی خیبرپختونخوا کے پہاڑوں پر ہلکی برفباری جبکہ میدانی علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔