اسلام آباد (این این آئی)پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما خواجہ آصف نے وزیر اعظم عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ جو لوگ انہیں لے کر آئے ہیں، جنہوں نے
ووٹ دیے ان کی امیدوں پرپانی پھر گیا، ان کے جانے کا وقت آگیا ہے۔ایک انٹرویومیں خواجہ آصف نے کہا کہ معیشت، امن و امان کے حالات سے وزیر اعظم ذہنی طور پر لاتعلق ہوچکے ہیں۔خواجہ آصف نے کہا کہ حکمران کا ہاتھ عوام کی نبض پر ہوتا ہے، موجودہ حکمران الٹا عوام کا مذاق اڑاتے ہیں کہ مہنگائی نہیں ہے۔رہنما مسلم لیگ (ن )نے کہا کہ ان کا نعرہ تھا جب کرپشن ہوتی ہے تو مہنگائی ہوتی ہے، یہ کس کی کرپشن ہے کیا لوگ چاند اور مریخ پر بیٹھ کر کرپشن کر رہے ہیں۔خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان میں 35 سال صدارتی نظام رہا، جب کوئی حکومت ناکام ہوتی ہے تو وہ ایسے شوشے چھوڑتی ہے۔انہوں نے کہا کہ کل کو کہیں گے مجھے آمریت چاہیے کہ اکیلا آدمی سب کچھ کرسکتا ہے۔