کوئٹہ(این این آئی) جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ عمران خان نے حکومت سے نکالنے پر فوج اور عدلیہ کو خطرناک ہونے کی دھمکی دی ہے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ حکومت کی نااہلی اور بھوک پیاس نے عوام کا جینا دوبھر کردیاہے،
23 مارچ کو اسلام آباد میں ہونے والے احتجاج میں تمام سیاسی پارٹیوں کو بھر پور شرکت کی دعوت دی ہے، ملک کے کونے کونے سے عوام اسلام آباد میں ہونگے، احتجاج کی قیادت پی ڈی ایم کرے گی جبکہ مظاہرہ عوام کا ہوگا۔مولانا فضل الرحمن نے کہاکہ ہم کسی بھی اپوزیشن جماعت کو ٹارگٹ نہیں بنائیں گے ہمارا محاذ ایک ہی ہے، اے این پی اور پیپلز پارٹی ، پی ڈی ایم کا حصہ نہیں اگر وہ مارچ میں آتے ہیں تو ہمیں کوئی اعتراض نہیں۔پی ڈی ایم کے سربراہ نے کہا کہ عمران خان نے فوج،جرنیلوں اور عدلیہ کو تھریٹ کیاکہ اگر آپ نے نکالا تو میں اور خطرناک ثابت ہونگا، اس نے حکمرانی کے دوران عوام کو مہنگائی اور بھوک پیاس کی جانب دھکیل دیا، باہر آئے گا تو کیا اور کنگال کرے گا، عمران خان بتائے کہ وہ باہر آکر کس طرح خطرناک ہوگا۔
٭٭٭٭٭
(خبرنمبر 148)……