ٹھٹھہ(این این آئی)سندھ کے ضلع ٹھٹھہ کی بندر گاہ کیٹی بندر کے قریب کھلے سمندر میں تیز ہواوں سے طغیانی کے باعث 3 کشتیاں ڈوب گئیں، جس کے نتیجے میں 38 ماہی گیر لاپتہ ہو گئے۔فشر فوک فورم کے ترجمان نے بتایا ہے کہ تیز ہواؤں کے باعث سمندر میں طغیانی ہے، جس
کی وجہ سے سمندر میں 3 کشتیاں الٹ کر ڈوب گئیں۔ترجمان فشر فوک فورم نے بتایا کہ ایک کشتی کے 5 ماہی گیر تیر کر کیٹی بندر پہنچ گئے جبکہ دوسری کشتی کے 20 اور تیسری کشتی کے 18 ماہی لاپتہ ہیں۔پاک بحریہ کی ٹیمیں ماہی گیروں کی تلاش میں روانہ ہوگئی ہے۔دوسری جانب میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی نے تیز ہواؤں اور طغیانی سے بچاؤ کے لیے مشن ایس اے آر کا آغاز کردیا ہے،ترجمان نے بتایا بحری یونٹس کی بڑی تعدادساحلی پٹی کیساتھ مشن میں مصروف ہیں۔پی ایم ایس اے کے ترجمان نے بتایاکہ کشتیوں کومحفوظ مقامات تک پہنچنے میں رہنمائی اورمدد فراہم کی جا رہی ہے، سربندرکے قریب گوادر میں آپریشن کامیابی سے مکمل کیا گیا۔ترجمان کے مطابق تیزسمندری لہروں میں پھنسی ماہی گیر کی کشتی اور7 ماہی گیروں کوبچالیا گیا ہے۔