اسلام آباد (این این آئی)پاک فضائیہ کے ٹرانسپورٹ طیاروں نے 77860 پاؤنڈ سے زائد امدادی سامان بلوچستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں تک پہنچایا۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق بلوچستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پاک
فضائیہ کی امدادی کارروائیاں ہفتہ کو بھی جاری رہیں ۔ ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق پاک فضائیہ کے ٹرانسپورٹ طیاروں نے 77860 پاؤنڈ سے زائد امدادی سامان سیلاب سے متاثرہ علاقوں تک پہنچایا۔ ترجمان کے مطابق امدادی سامان میں راشن، خیمے،کھانے پینے کی اشیائ ، ادویات، پینے کا پانی، کمبل اور ضروری مشینری شامل ہے۔ ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق پاک فضائیہ کے پائلٹ اس مشکل وقت میں قوم کی توقعات پر پورا اترنے کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لا رہے ہیں۔ ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کہاکہ پاک فضائیہ کے تمام متعلقہ شعبے بلوچستان کے سیلاب سے متاثرہ لوگوں کیلیے ریلیف اور ریسکیو آپریشن میں تمام وسائل کو بروئے کار لائیں۔ ترجمان کے مطابق آرمی ایوی ایشن اور پاک بحریہ کے ہیلی کاپٹروں کے بیڑے کے ہمراہ سیلاب زدہ علاقوں میں پاک فضائیہ کے ہیلی کاپٹر بھی تعینات رہے ۔