لاہور( این این آئی)پنجاب حکومت نے ایڈہاک ڈاکٹروں و دیگر سٹاف کے لئے بڑے ریلیف کا اعلان کردیا۔وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کی خصوصی ہدایت پر محکمہ پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کے ایڈہاک ڈاکٹرز و دیگر سٹاف کی ملازمتوں
میں ایک برس کی توسیع کی منظوری دیدی گئی۔ وزیراعلی نے ایڈہاک ڈاکٹرز و دیگر سٹاف کو تنخواہوں کی ادائیگی بروقت یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی ہے۔عثمان بزدار نے کہا ہے کہ محکمہ پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کے ایڈ ہاک ڈاکٹرز و دیگر سٹاف کی تنخواہوں کی ادائیگی میں حائل رکاوٹوں کودور کرنے کے لئے فوری اقدامات کئے جائیں۔ دکھی انسانیت کی خدمت میں مصروف ایڈہاک ڈاکٹرز کے مسائل کا پورا احساس ہے۔ تحریک انصاف کی حکومت آئندہ بھی ڈاکٹرز کے مسائل کے حل کے لئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ شعبہ طب کی بہتری کیلئے تمام ضروری اقدامات اٹھائیں گے۔ ایڈہاک ڈاکٹرز و دیگر سٹاف کیلئے آسانیاں پیدا کرنے کیلئے ہر ممکن اقدام کریں گے۔ پنجاب حکومت ڈاکٹروں، نرسوں اور پیرامیڈیکل سٹاف کی خدمات کو سراہتی ہے۔



















































