اسلام آباد (این این آئی) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان کی ڈائمنڈ جوبلی تقریبات شایان شان طریقے سے منائی جائیں،پاکستان کی 75ویں سالگرہ پر نوجوانوں کو پاکستان کے قیام کا مقصد اور علامہ اقبال کے پیغام کی اصل تشریح سمجھانے کی ضرورت ہے۔ وزیر اعظم
عمران خان کی زیر صدارت پاکستان کی ڈائمنڈ جوبلی 2022 کی تقریبات کی تیاری کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزراء فواد چوہدری، شوکت فیاض ترین، معاونین خصوصی ڈاکٹر شہباز گل، شہزاد نواز اور سینئر افسران شریک ہوئے ۔بدھ کو وزیر اطلاعات نے وزیر اعظم کو تقریبات کی تیاریوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ ڈائمنڈ جوبلی کے حوالے سے پاکستان کی تاریخ، ثقافت قومی ہیروز، تحریک پاکستان کی نامور خواتین، مقامی کھیلوں، سیاحت، معیشت، گرین پاکستان اور دوست ممالک کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے ڈاکومینٹریز اور تقریبات منعقد کی جائیں گی۔وزیر اعظم نے کہاکہ پاکستان کی ڈائمنڈ جوبلی تقریبات شایان شان طریقے سے منائی جائیں۔ انہوںنے کہاکہ ان تقریبات کا مقصد پاکستان کے الگ تشخص، ثقافت اور منفرد جغرافیہ کو اجاگر کرنا ہے۔ وزیر اعظم نے کہاکہ پاکستان کی 75ویں سالگرہ پر نوجوانوں کو پاکستان کے قیام کا مقصد اور علامہ اقبال کے پیغام کی اصل تشریح سمجھانے کی ضرورت ہے۔ وزیر اعظم نے کہاکہ قدرت نے پاکستان کو ہر قسم کی نعمت سے نوازا ہے جن کو اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔