کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز میں پاکستان نے تینوں میچ جیت کر سیریز اپنے نام کر لی،208 رنز کے بڑے ہدف کو حاصل کرنے کے لئے پاکستان کی جانب سے محمد رضوان اور بابراعظم بیٹنگ کے لئے آئے، دونوں نے انتہائی شاندار اور ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا، بابراعظم نے 53 گیندوں پر دو چھکوں اور نو چوکوں کی
مدد سے 79 رنز بنائے اور اسمتھ کی گیند پر شیفرڈ کو کیچ تھما کر پویلین لوٹ گئے۔ محمد رضوان نے 45 گیندوں کا سامنا کیا اور تین چھکوں اور دس چوکوں کی مدد سے 87 رنز بنائے اور ڈریکس کی گیند پر پوران کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے، میچ کی خاص بات یہ تھی کہ محمد رضوان اور بابر اعظم میں اوپننگ پارٹنر شپ 158 رنز کی رہی، فخر زمان نے 12 رنز بنائے اور شیفرڈ کی گیند پر بروکس کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ آصف علی نے صرف سات گیندیں کھیلیں اور 21 رنز بنائے انہوں نے شاندار دو چھکے اور دو چوکے مارے اور ناٹ آؤٹ رہے، اس طرح پاکستان نے 18.5 اوور میں یہ میچ جیت لیا۔ واضح رہے کہ تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، ویسٹ انڈیز کی جانب سے اننگز کا آغاز برینڈنگ کنگ اور شمراہ بروکس نے کیا، برینڈنگ کنگ نے 21 گیندوں پر 43 رنز بنائے اور وہ محمد وسیم کی گیند پر بولڈ ہوئے، شمراہ بروکس نے 31 گیندوں پر49 رنز بنائے ان کی اننگز میں چار چھکے اور دو چوکے شامل تھے، وہ شاہ نواز دھانی کا شکار بنے ان کا کیچ افتخار احمد نے تھاما، ویسٹ انڈیز کے نکولس پوران نے دھواں دھار بیٹنگ کی، 37 گیندوں پر چھ چھکوں اوردو چوکوں کی مدد سے 64 رنز بنائے اور محمد وسیم کی گیند پر محمد نواز کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ ڈیرن براوو نے 34 اور رومین پاول
نے 6رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے، اس طرح ویسٹ انڈیز نے مقررہ بیس اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 207 رنز بنائے۔ اس طرح پاکستان کو جیتنے کے لئے 208 رنز کا بڑا ٹارگٹ ملا جو پاکستان نے پورا کر لیا۔پاکستان کی جانب سے محمد وسیم نے دو کھلاڑیوں اور شاہنواز دھانی نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔