لاہور( این این آئی)حکمران جماعت تحریک انصاف کے میدان میں نہ ہونے کی وجہ سے حلقہ این اے133 کے ضمنی انتخاب کے موقع پر روایتی گہما گہمی دیکھنے
میں نہ آئی ،طویل وقفے کے بعد پاکستان پیپلز پارٹی کے سیاسی طو رپر متحرک ہونے کی وجہ سے خاموش ہو کر گھروں میں بیٹھ جانے والے کارکنان بھی دوبارہ میدان میں نکل آئے۔ تفصیلات کے مطابق لاہور کے حلقہ این اے 133کے ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی میں ون ٹو ون مقابلہ ہوا تاہم حکمران جماعت تحریک انصاف کے انتخابی میدان میں موجود نہ ہونے کی وجہ سے ماضی کی طرح گہما گہمی نظر نہ آئی ۔ دوسری جانب قیاد ت کی جانب سے پیپلز پارٹی کو متحرک کرنے کیلئے کی جانے والی کاوشیں رنگ لانا شروع ہو گئی ہیں اور ضمنی انتخاب کے موقع پر پیپلز پارٹی کے پولنگ کیمپوں میں رہنمائوں اور کارکنوں کا رش نظر آیا ۔