کراچی (این این آئی) آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹرز نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر پاکستان بھر میں پہیہ جام ہڑتال کرنے کا فیصلہ کرلیا اور کہا ہے کہ قیمتیں کم نہ کیں تواشیائے خوردونوش کی ترسیل روکنے پر مجبور ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر آل پاکستان گڈزٹرانسپورٹرز نے درعمل کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان بھر میں پہیہ جام ہڑتال کرنے کا فیصلہ کرلیا، ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب ، خیبر پختونخوا ، بلوچستان ، سندھ میں ایک ہی وقت ہڑتال کا اعلان کیا جائے گا۔گڈز ٹرانسپورٹرز نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کیساتھ ٹائروں کی قیمتیں بھی پہنچ سے دور ہو چکی ہیں ، گڈز ٹرانسپورٹ ٹیکس ،ڈیزل قیمتوں میں اضافیکی وجہ بحران کا شکار ہے۔ذرائع گڈز ٹرانسپورٹر کا کہنا تھا کہ قیمتیں کم نہ کیں تواشیائے خوردونوش کی ترسیل روکنے پر مجبور ہوں گے، پاکستان بھر میں ہڑتال کا اعلان چند روز میں کیا جائے گا۔یاد رہے حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ کا اعلان کیا تھا، جس کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 8 روپے 3 پیسے کا اضافہ کیا گیا ، جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 137 روپے 79 پیسے سے بڑھ کر 145 روپے 82 پیسے ہوگئی۔ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 8 روپے 14 پیسے کا اضافہ کیا گیا ، جس کے بعد اس کی قیمت 134 روپے 48 پیسے سے بڑھ کر 142 روپے 62 پیسے ہوگئی تھی۔