کراچی(این این آئی)مشیر زراعت منظور وسان نے پیشگوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ سلیکٹرز کی حکومت کا وقت گیا اب الیکٹیڈ کا وقت ہے،سلیکٹر اب نماز پڑھیں، یہ مہینہ مجھے خطرناک لگ رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ الیکشن ہونگے جس کی جتنی سیٹیں ہونگی اس کے بعد طے کیا جائے گا کہ کس کو حکومت دینی ہے کس کو نہیں،ہوسکتا ہے کہ آئندہ سیٹ اپ میں پی پی پی اورن لیگ حکومت اکٹھے کریں،
یا پھر اپوزیشن میں بھی بیٹھ سکتے ہیں۔مشیر زراعت نے کہا کہ مجھے کپتان کا فیوچر خراب اور کھلاڑیوں کا فیوچر اچھا نظر آرہا ہے، کچھ وزراء عمران خان کے فیصلوں سے متفق نہیں ہیں، میں نے دیکھا ہے کہ مشکل وقت میں اپنے بھی ساتھ چھوڑ جاتے ہیں، جب کشتی ڈوبنے والی ہوتی ہے تو بہانہ بناکر جاتے رہتے ہیں۔منظور وسان نے کہا کہ مجھے پی ٹی آئی کا حشر بہت خراب نظر آرہا ہے،پی پی پی اس بار پنجاب،کے پی اور بلوچستان سے بھی جیتے گی۔تبدیلی کی ابتدا ہمیشہ بلوچستان سے ہوئی ہے،اس کے بعد پنجاب اور پھر مرکز کی باری آنے والی ہے۔منظور وسان نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے متعلق بھی پیشگوئی کرتے ہوئے کہا کہ ورلڈ کپ کا فائنل پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ہوگا۔پاکستانی کھلاڑیوں کا مستقبل روشن ہے۔ورلڈ کپ گرین شرٹس ہی جیتے گی۔منظور وسان نے گنے کی فی من قیمت مقرر کرنے کہ متعلق کہا کہ سندھ کابینہ کا اجلاس 4 نومبر کو ہوگا۔گنے کی قیمت مقرر کرنے کا ایجنڈا بھی شامل کیاگیا ہے،جلد فیصلہ ہوگا۔منظور وسان نے کہا کہ محکمہ زراعت سندھ نے 225 سے 228 روپے تک مقرر کرنے کی تجویز دی ہے،کابینہ 228 سے230 تک مقرر کرسکتی ہے، میری کوشش ہے کہ آئندہ ہفتے شوگر ملیں چلنا شروع ہوجائیں۔پیپلزپارٹی کاشتکاروں کی جماعت ہے۔