اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک ٗاین این آئی)ملک بھر کی عوام کو موبائل فون پر حکومت کا خصوصی پیغام موصول۔ تفصیلات کے مطابق ملک کے موجودہ حالات کے تناظر میں وفاقی حکومت کی جانب سے ملک بھر کے شہریوں کو ان کے موبائل فونز پر خصوصی پیغامات بھیجے گئے ہیں۔شہریوں کو موصول ہونے والے ایک ایس ایم ایس پیغام میں لکھا گیا کہ “اور فتنہ قتل سے بد تر ہے، پاکستان ایک
اسلامی ریاست ہے اور اپنی عوام کے جان ومال کی حفاظت حکومت کا اولین فرض ہے جس کو بھر پور طریقے سے حکومت ادا کرے گی”۔اس کے علاوہ ایک اور ایس ایم ایس پیغام بھیجا گیا، “اور جب ان سے کہا جاتا ہے کہ زمین میں فساد برپا نہ کرو، تو کہتے ہیں: ہم ہی تو اصلاح کرنے والے ہیں”۔دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے موجودہ صورت حال پر شاعری کے ذریعے اپنا نکتہ نظر پیش کیا ہے۔فواد چوہدری نے اردو کے معروف شاعر عدیم ہاشمی کے چند اشعار ٹوئٹ کئے ہیں جس میں انہوں نے ظلم کے سامنے سر جھکانے کے بجائے سینہ سپر کرنے کی بات کی ہے۔فواد چوہدری نے کہاکہ ”مفاہمت نہ سکھا جبر ناروا سے مجھے ،میں سر بکف ہوں لڑا دے کسی بلا سے مجھے ،زباں نے جسم کا کچھ زہر تو اگل ڈالا ،بہت سکون ملا تلخی نوا سے مجھے ،میں خاک سے ہوں مجھے خاک جذب کر لے گی ،اگرچہ سانس ملے عمر بھر ہوا سے مجھے (عدیم ہاشمی)۔اپنی ایک اور ٹوئٹ میں فواد چوہدری نے نجی ٹی وی ٹاک شو کا کلپ شیئر کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں جو بھی تحریکیں چلیں ان کی ایک نظریاتی اساس
رہی ہے، اسی نظریے کے تحت تحریک چلائی جاتی ہے لیکن جب آپ ایک متشدد سیاسی نظریہ لے کر جس کا مقصد یہ ہے کہ ریاست کو اپنے سامنے جھکایا جائے اور پھر دو تحریکوں کو آپس میں ملا دیں تو یہ پاکستان کے لئے اچھی خدمت نہیں ہوگی۔واضح رہے کہ تحریک انصاف 2014 میں اسلام آباد میں طویل دھرنا دے چکی ہے جب کہ مختلف حلقوں میں یہ بات بھی کہی جاتی ہے کہ 2017 میں تحریک کے دھرنے کو تحریک انصاف کی حمایت حاصل تھی تاہم اب پی ٹی آئی تحریک کے دھرنے کو غلط قراد دے رہی ہے۔