لاہور(این این آئی) ٹریفک وارڈن نے ضعیف العمر شخص کی مدد کرتے ہوئے ہمدردی و فرض شناسی کی اعلی مثال قائم کردی۔تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو
تیزی سے وائرل ہورہی ہے ، ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ٹریفک وارڈن نے ضعیف العمر شخص کو کندھوں پراٹھا کر سڑک پار کروائی۔ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ لاہور میں ایک بزرگ شہری گھبراہٹ میں روڈ عبور نہیں کرپارہا تھا کہ اسی دوران بزرگ شہری کی پریشانی کو دیکھتے ہوئے وارڈن فوری مدد کو پہنچا اور کندھوں پر بٹھاکر انہیں سڑک پار کرائی۔بزرگ شہری نے ٹریفک وارڈن کے اس طرز عمل پر اسے ڈھیروں دعائیں دیں۔سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد سی ٹی او نے وارڈن کو شاباشی دی اور اس کے لئے تعریفی سند کا بھی اعلان کیا۔دوسری جانب سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بھی ٹریفک وارڈن کے اس انسانی جذبے کو خوب سراہا جارہا ہے۔