لاہور (این این آئی)سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی کمسن بچی کی ویڈیو نے صارفین کے دل جیت لئے، 2 سالہ بچی ایئر پورٹ پر اپنی خالہ کو الوداع کہنے آئی جس پر جذباتی مناظر دیکھنے میں آئے، اس حسین لمحے کو کیمرے کی آنکھ میں قید کیا گیا اور ٹویٹر پر ویڈیو شیئر کی گئی جو دیکھتے ہی مقبول ہوگئی۔سوشل میڈیا پر موجود ایسی بہت سی ویڈیوز
ہیں جس میں بچوں سے ہمدردی اور بچوں کا بڑوں سے پیار دکھایا گیا، بچے ہماری پریشانیوں کا کم کرتے ہیں اور چند منٹوں کی خوشی ہمیں غموں، رنج والم کی دلدل سے نکال کر خوشگوار فضا میں لے جاتی ہے، سوشل میڈیا پر ایک ایسی ویڈیو وائرل ہوئی جس نے صارفین کے دل جیت لئے، ایک چھوٹی بچی کی ایک دلکش ویڈیو سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے، ویڈیو قطر کے حماد بین الاقوامی ہوائی اڈے کی ہے۔وائرل ہونے والی اس ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ چھوٹی بچی ائیر پورٹ سیکورٹی سے اپنی خالہ کو گلے لگانے کی اجازت مانگ رہی ہے، جو گیٹ کے دوسری طرف ہے، محبت سے بھر یہ مختصر ویدیو کلپ ٹویٹر پر شیئر کیا گیا، ویڈیو کے عنوان میں لکھا گیا، ”اس نے افسر سے ایئرپورٹ پر اپنی خالہ کو الوداع کہنے کی اجازت مانگی۔”ویڈیو میں موجود بچی نے سرخ لباس پہنا ہوا ہے جیسے ہی افسر اس کو اشارے سے جانے کی اجازت دیتا ہے تو بھاگتے اپنی خالہ کو پکارتی ہے، ننھی بچی کی آواز سن کراس کی خالہ سے بھی نہ رہا گیا اور وہ بھی دوڑتے ہوئے اس کے پاس آئی اور گلے لگا الوداع کیا۔سوشل میڈیا صارفین نے اس ننھی بچی کی محبت کو سراہتے ہوئے دلچسپ کمنٹس کئے، ویڈیو کو اب تک20 ہزار6 سو سے زائد لوگ’ری ٹویٹ’ اور 7 ہزار164 سے زائد اس کو پسند کرچکے ہیں۔