علی گڑھ(این این آئی)بھارتی ریاست اتر پردیش کے علاقے علی گڑھ میں بیوی کے روزانہ نہ نہانے پر امان نامی شخص نے اہلیہ کو طلاق دے دی۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق حال ہی میں خاتون کی جانب سے علی گڑھ کے ویمن پروٹیکشن سیل میں تحریر ی شکایت درج کروائی گئی، پروٹیکشن سیل ازدواجی جوڑوں کو تعلقات بچانے کے لیے کانسلنگ سیشن فراہم کرتا ہے۔
بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پروٹیکشن سیل سے تعلق رکھنے والے ایک عہدیدار کا کہنا تھا کہ ہمیں حال ہی میں خاتون کی جانب سے ایک تحریری شکایت موصول ہوئی ہے جس میں لکھا تھا کہ انھیں شوہر نے روزانہ نہ نہانے کے باعث ایک ساتھ تین طلاقیں دے دی ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق امان نامی شخص نے دو سال قبل خاتون سے شادی کی تھی جب کہ دونوں کا ایک بچہ بھی ہے۔پروٹیکشن سیل کے مطابق ہم خاتون کے رشتے کو بچانے کے لیے فریقین سمیت ان کے والدین سے مشاورت کررہے ہیں تاہم خاتون شوہر کی جانب سے طلاق کے باوجود اپنے رشتے کو خوشی سے نبھانے کی خواہشمند ہے۔عہدیدار نے بتایا کہ خاتون کی درخواست پر جب ان کے شوہر سے رابطہ کیا گیا تو شوہرکا کہنا تھا کہ وہ اپنی بیوی کو طلاق دینا چاہتا ہے کیوں کہ وہ روزانہ نہیں نہاتی ہیں اور جب بھی ان سے نہانے کا کہا جائے تو وہ ان سے لڑنا شروع کردیتی ہے۔پروٹیکشن سیل کے مطابق ،عہدیداوں کی جانب سے شوہر کو یہ سمجھانے کی کوشش کی جارہی ہے کہ یہ معمولی نوعیت کا مسئلہ ہے جو کہ بغیر طلاق دیے بھی حل کیاجاسکتا ہے تاہم اس کے باوجود اگر ان کی علیحدگی ہو گئی تو یہ عمل بچے کی پرورش کو متاثر کرسکتا ہے۔