کراچی(این این آئی)تحریک انصاف دورِ حکومت میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں غیرمعمولی اضافے سے ستمبر 2018 کے مقابلے میں ستمبر2021 تک روز مرہ
استعمال کی اشیا دگنی سے بھی زیادہ مہنگی ہوگئی ہیں۔عمران خان کے 3 سالہ دورِ اقتدار میں پٹرول 96 روپے سے بڑھ کر 123 روپے لیٹر تک پہنچ گیا، گزشتہ روز اوگرا نے پیٹرول ایک روپے فی لیٹر مہنگا کرنے کی تجویز دی تاہم وزیراعظم نے پیٹرول پر 5 روپے بڑھا دیئے۔پیٹرول کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کے بعد اشیائے ضروریہ کی قیتموں میں بھی من مانا اضافہ ہوگیا ہے، پی ٹی آئی کے تین سالہ دور میں، 20کلو آٹے کا تھیلا ستمبر 2018 تک 900 روپے کا ملا کرتا تھا جس کی قیمت اب ایک ہزار 400 روپے ہوگئی ہے۔اسی طرح چینی55 روپے فی کلو سے 115، بناسپتی گھی 165فی کلو سے 350، ایل پی جی سلنڈر ایک ہزار 760 سے 2ہزار 100، مرغی کا گوشت 160 سے اڑتی ہوئی 280، دودھ کی قمیت میں 30، انڈے 115 سے 190 روپے فی درجن، بڑا گوشت 480 سے 700، چھوٹا گوشت 960 سے 1400 روپے فی کلو ہوگیاہے۔