لاہور (آن لائن) نیب لاہور نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے دو رہنماؤں کو آمدنی سے زائد اثاثہ جات کیس میں طلب کرلیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ نیب لاہور نے (ن) لیگی مرکزی رہنما اور رکن قومی اسمبلی جاوید لطیف کو 9 ستمبر کو اور دوسرے لیگی رہنما برجیس طاہر کو 10 ستمبر کو طلب کیا ہے۔ نیب لاہور کے ذرائع کے مطابق (ن) لیگی رہنما جاوید لطیف پر آمدنی سے زائد 50 کروڑ کے اثاثہ جات بنانے کا الزام عائد کیا گیا ہے جبکہ برجیس طاہر پر 30 کروڑ روپے مالیت کے اثاثہ جات بنانے کا الزام عائد ہے ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب لاہور نے دونوں رہنماؤں کو آخری وارننگ نوٹس دیتے ہوئے مقررہ تاریخوں پر ہر صورت پیش ہونے کی ہدایات جاری کی ہیں جبکہ نیب لاہور جاوید لطیف کی انکوائری کو تحقیقات میں بدل سکتا ہے۔