خان پور ٗ پشاور ٗ سانگھڑ (این این آئی)خان پور میں 6 افراد نے بزرگ شہری پر تشدد کرکے بال، داڑھی، مونچھیں اور بھنویں مونڈھ کر منہ کالا کر دیا۔ملزمان نے تشدد کی وڈیو بھی بنائی اور وائرل کر دی۔تشدد کے شکار بزرگ نے ملزمان کے خلاف ٹیوب ویل کی مشین چوری کرنے کا مقدمہ درج کرایا تھا۔
پولیس نے مرکزی ملزم سمیت 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔دوسری جانب صوبائی دارالحکومت پشاور کے تھانہ خزانہ کی حدود میں مقامی افراد نے اپنی عدالت لگالی، جس کے بعد 3 مبینہ چوروں کو پکڑ کر الٹا لٹکا دیا گیا۔واقعہ کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد تشدد میں ملوث 3 ملزمان کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کرلیا گیا ۔آئی جی پولیس معظم جاء انصاری نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔آئی جی معظم جاء انصاری نے کہا کہ کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں، غیرانسانی فعل ناقابل برداشت ہے، جو بھی ملوث ہوا قانون کے مطابق سزا دی جائے گی۔علاوہ ازیں سانگھڑ میں مبینہ پولیس مقابلے میں زخمی ملزم ہسپتال میں دم توڑ گیا۔ملزم نے آخری وڈیو بیان میں کہا تھا کہ اسے گھر سے اٹھا کر ویرانے میں لے جا کر گولی ماری گئی۔ملزم کے ورثاء نے میت کے ساتھ پریس کلب پر احتجاج کا اعلان کیا ۔پولیس کے مطابق دم توڑنے والے ملزم پر اقدام قتل اور ڈکیتیوں کے 7 سے زائد مقدمات درج ہیں