کوہاٹ(این این آئی)کوہاٹ ڈویژن کے قبائلی ضلع کرم کی لوئر تحصیل میں اراضی کے تنازع پر دودیہات کے مابین خونریز تصادم کے نتیجے میں 10قبائلی جاں بحق اور ایک خاتون سمیت متعدد دیگر زخمی ہوگئے۔موصولہ ابتدائی معلومات کے مطابق تحصیل لوئر کرم کے علاقہ مہورہ کے قریب دو دیہی علاقوں شیرجان کلے اور ساگو کلے کے قبائلیوں
کے مابین اراضی کی ملکیت پر طویل عرصہ سے تنازع چلاآرہا تھا۔گزشتہ روز فریقین کے مابین مبینہ طورپر آمنا سامنا ہوا جس پر دونوں فریقین کے مابین تکرار اور تلخ کلامی ہونے کے بعد کشیدگی بڑھ گئی اورفریقین مشتعل ہوکرمورچہ زن ہوگئے اور ایک دوسرے پر آزادانہ فائرنگ شروع کردی۔اس افسوسناک واقعہ میں جاں بحق اور زخمی افراد کی تعدادکے بارے میں متضاد اطلاعات ہیں تاہم ابتدائی اطلاعات کے مطابق اس خونریز جھڑپ کے نتیجے میں کم از کم 10 قبائلی زندگی سے ہاتھ دھوبیٹھے ہیں جبکہ ایک خاتون سمیت 8 دیگر زخمی بھی ہوگئے ہیں۔بتایاجاتا ہے کہ جاں بحق 9افراد کا تعلق ایک فریق سے ہے جبکہ مخالف فریق سے ایک شخص کے جاں بحق ہونے کی اطلاع ہے۔اس افسوسناک واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور مقامی لوگ جائے وقوعہ پہنچ گئے جہاں سے جاں بحق اور زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال پارہ چنار پہنچادیا۔اطلاعات کے مطابق علاقہ میں کشیدگی پائی جاتی ہے تاہم سیکیورٹی
ادارے امن بحال کرنے کی بھرپورکوششیں کررہے ہیں۔بتایاجاتا ہے کہ کرم میں گزشتہ ایک سال کے دوران شاملات اور اراضی کی ملکیت کے تنازعات پراب تک درجنوں افراد زندگی ہارچکے ہیں۔مقامی افراد نے اس خونریز جھڑپ پر سخت افسوس اور دکھ کا اظہار کرتے ہوئے مقامی انتظامیہ ا ور صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ قبائلی ضلع کرم میں اقوام کے مابین شاملات اور زمینی تنازعات پرامن طورپر حل کرے ورنہ یہ جھگڑے جاری رہیں گے۔