کابل ، تہران (این این آئی )افغان طالبان کمانڈر عبدالحمید حماسی نے کابل اسپتال کا دورہ کیا اور اسپتالوں میں ڈاکٹرز سے کام جاری رکھنے کی درخواست کی۔میڈیارپورٹس کے مطابق عبدالحمید حماسی نے کہا کہ خواتین ڈاکٹرز بلاخوف اپنی ڈیوٹی نبھائیں، موجودہ نظام سے قبل اکثر
خواتین ڈاکٹرز خوف زدہ تھیں۔انہوں نے کہا کہ اب انہیں بالکل نہیں ڈرنا چاہیے، افغانستان کی خواتین ڈاکٹر ہماری مائیں بہنیں ہیں۔دوسری جانب افغانستان کے 9 ارب ڈالر سے زائد زرمبادلہ ذخائر منجمد ہونے کے اشارے ملے ہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق امریکی حکام کے مطابق زرمبادلہ ذخائر طالبان کو دستیاب نہیں ہوں گے۔حکام کا کہنا تھاکہ افغانستان کے بیشتر زرمبادلہ ذخائر بیرون ملک موجود ہیں۔بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف)کے مطابق اپریل کے اختتام تک افغانستان کے مرکزی بینک کے مجموعی ذخائر 9 اعشاریہ 4 ارب ڈالر تھے، ان میں سے زیادہ تر اثاثے افغانستان سے باہر موجود ہیں۔واضح رہے کہ 15 اگست کو طالبان نے افغان دارالحکومت کابل پر قبضہ کرلیا تھا جس کے بعد افغان صدر اشرف غنی سمیت کئی اہم حکومتی عہدیدار ملک سے فرار ہوگئے تھے۔علاوہ ازیں ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے کہاہے کہ افغانستان میں امریکا کی شکست سے امن آسکتا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق ابراہیم رئیسی نے کہا کہ افغانستان سے امریکی انخلا اور شکست سے ملک میں پائیدار امن کا موقع پیدا ہوا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ افغانستان میں استحکام قائم کرنے کے لیے ایران کوشش کرے گا۔دوسری جانب فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے طالبان قیادت کو مبارک باد دی ۔
آپ اس قوم کا سرمایہ ہیں۔ آپ ہماری بہنیں بیٹیاں ہیں۔ آپ کو یہاں صرف یہ بتانے آیا ہوں کہ اطمینان و سکون سے بلاخوف و خطر اپنا کام جاری رکھیں۔ ہم آپ کی حفاظت اور ہر قسم کی آسانیاں فراہم کرنے کے لیے ہر لمحے موجود ہیں
طالبان رہنما لیڈی ڈاکٹرز اور میڈیکل اسٹوڈنٹس کو یقین دہانی کراتےہوئے pic.twitter.com/T3Pnvow5bK— افغان اردو (@AfghanUrdu) August 16, 2021