راولپنڈی(آن لائن) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ افغانستان میں جاری تنازع میں پاکستان کا کوئی فیورٹ نہیں،ہماری واحد خواہش افغانستان میں امن و استحکام کے لیے مدد فراہم کرنا ہے، پاکستان یورپی یونین ممالک کے ساتھ تعلقات کو اہمیت دیتا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف سے جمعرات کو جی ایچ کیو راولپنڈی میں پاکستان کے لئے جرمنی کے سفیر برن ہارڈ سٹیفن شلاگیک اور اٹلی کے سفیر آندریس فیرارز، ہالینڈ کے سفیر ولیم وونٹر پلومپ اور فرانس کے قائم مقام سفیر یووس مینویلی نے ملاقات کی ہے۔ لاقات میں افغانستان کی تازہ ترین صورتحال سمیت خطے کی سلامتی صورتحال پر بات چیت کی گئی جبکہ یورپی یونین کے ساتھ دو طرفہ تعاون میں اضافے سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہناتھا افغانستان میں امن کا مطلب پاکستان میں امن ہے۔ افغانستان میں جاری تنازع میں پاکستان کا کوئی فیورٹ نہیں۔ ہماری واحد خواہش افغانستان میں امن و استحکام کے لیے مدد فراہم کرنا ہے۔ آرمی چیف نے کہا پاکستان یورپی یونین ممالک کے ساتھ تعلقات کو اہمیت دیتا ہے۔ ہم یورپی یونین ممالک کے ساتھ مختلف شعبوں میں مشترکہ مفادات پر مبنی تعلقات کا فروغ چاہتے ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق یورپی یونین کے اہم ممالک کے سفیروں نے علاقائی استحکام کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا۔ سفیروں نے عزم کا اعادہ کیا کہ ہم ہر سطح پر پاکستان کے ساتھ مزید تعاون کے لیے اپنے حصے کا کردار ادا کریں گے۔