اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)چمن میں پاک افغان سرحد باب دوستی کھول دی گئی۔لیویز حکام کے مطابق باب دوستی سے پیدل آمدورفت صبح 8 سے شام 4 بجے تک ہوگی۔اسپین بولدک پر قبضے کے بعد طالبان نے
جمعہ کو سرحد بند کی تھی۔گزشتہ روز طالبان کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا کہ پاکستانی حکام کے ساتھ کامیاب مذاکرات کے بعد پاک افغان بارڈر باب دوستی کھولنے کا فیصلہ کیا گیا۔اعلامیے میں کہا گیا کہ پاکستانی حکام کے ساتھ 5 میں سے 3 شرائط پر اتفاق جبکہ 2 کو بعد میں زیربحث لایا جائے گا، باب دوستی پیدل آمدورفت کیلئے روزانہ 8 گھنٹے کھلی رہے گی، پیدل آمدورفت شناختی کارڈ کے علاوہ افغانی دستاویز اور مہاجرکارڈ پر بھی ہوگی۔ڈپٹی کمشنر چمن جمعہ داد کے مطابق افغانستان جانے اور آنے والے شہریوں کی مشکلات کے پیش نظر آمدورفت کے اوقات کار بھی بڑھا دیے ہیں اور باب دوستی سے آمدورفت صبح 8 سے شام 4 بجے تک ہوگی۔ان کا کہنا تھاکہ پاک افغان بارڈر پر دوطرفہ تجارت اور پیدل آمدورفت بحال رہے گی۔خیال رہے کہ گزشتہ دنوں افغانستان کے سرحدی ضلع اسپین بولدک میں طالبان شیڈو حکومت نے چمن بارڈر کراسنگ بند کردی تھی۔